بھٹکل 23 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل نیشنل ہائی وے پر کاماکشی پٹرول کے قریب ایک راہ گیر کو ٹکر مارکر سواری فرار ہوگئی جس سے راہ گیر کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔ مہلوک کی شناخت بھٹکل جالی دیوی نگر کے رہنے والے سید آصف میراں صاحب (65) کی حیثیت سے کی گئی ہے جن کا تعلق ساگر سے بتایا گیا ہے۔
بھٹکل پی ایس آئی بھرت نے بتایا کہ منگل کی اولین ساعتوں میں قریب 3:30 سے 4:30 بجے کے درمیان یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ بھرت نے بتایا کہ پولس پٹرولنگ کے دوران سڑک پر ان کی نعش پائی گئی جس کے بعد نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھٹکل سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ سید آصف سرکل کی طرف پید ل جارہے تھے کہ پیچھے سے ایک تیز رفتار سواری انہیں ٹکر مار کر کنداپور کی طرف فرار ہوگئی۔ بتایا گیا ہے کہ آصف کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی۔پی ایس آئی کے مطابق دوپہر کو پوسٹ مارٹم کے بعد میت لواحقین کے حوالے کی گئی ہے ۔
بھٹکل ٹاون پولس تھانہ میں اس تعلق سے معاملہ درج کیا گیا ہے اور پولس فرار سواری کی تلاش میں ہے۔